ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں دوران تفتیش اہم پیش

 ایبٹ آباد ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں دوران تفتیش اہم پیش رفت

ملزمہ ردہ کے شوہر وحید عرف بلا کا  مذہبی عبادت گاہ گوردوارہ پر قبضے  کا انکشاف ، انتظامیہ نے  نوٹس لیتے ہوئےسیل کر دیا۔۔۔۔۔

ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تفتیش کے دوران ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے گرفتار مرکزی ملزمہ ردہ کے شوہر ملزم وحید عرف بلا کے زیرِ استعمال قدیم گوردوارے پر قبضہ حاصل کر لیا ہے، جسے باضابطہ طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے اس قدیم گوردوارے میں ملزمان کی جانب سے کپڑے کی مکوذہ دکانیں قائم کی گئی تھیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ ملزمان اس گوردوارے کو مختلف پارٹیوں کو فروخت کرنے کے لیے بھی رابطوں میں تھے۔


ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گوردوارے کو سیل کرنے کا مقصد شواہد کو محفوظ بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ہے۔ واقعے کے بعد عوامی حلقوں نے محکمہ اوقاف کے کردار پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی مکمل تحقیقات کی جائیں کہ عبادت گاہ گوردوارہ کس طریقہ کار کے تحت ملزمان کو الاٹ کیا گیا۔


عوامی اور سماجی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ ایبٹ آباد کے اس تاریخی اور متروک گوردوارے کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے اور اسے محکمہ آثارِ قدیمہ کے حوالے کیا جائے تاکہ اس کی تاریخی حیثیت برقرار رکھی جا سکے اور آئندہ کسی قسم کے ناجائز استعمال کو روکا جا سکے۔


پولیس کے مطابق ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے جڑے تمام مالی اور جائیدادی معاملات کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ مزید انکشافات متوقع ہیں۔

Comments